حجۃ الاسلام حضرت مولانا محمد قاسم نانوتوی رحمہ اللہکی معروف اہلحدیث عالم سے گفتگو

حجۃ الاسلام حضرت مولانا محمد قاسم نانوتوی رحمہ اللہ کی معروف اہلحدیث عالم سے گفتگو

مولوی محمد حسین صاحب (معروف اہل حدیث عالم)نے حضرت مولانا محمد قاسم نانوتوی رحمۃ اللہ علیہ کو لکھا کہ مجھے تنہائی میں آپ سے بعض مسائل میں گفتگو کرنی ہے مگر شرط یہ ہے کہ آپ کا کوئی شاگرد بھی وہاں موجود نہ ہو۔
حضرت نے منظور فرما کر جواب تحریر فرمایا کہ تشریف لے آئیں۔ محمد طیب) چنانچہ مولانا موصوف حضرت والا کی خدمت میں حاضر ہوئے اور پھر وہی عرض کیا کہ تنہائی میں آپ سے کچھ باتیں کرنا چاہتا ہوں‘ اجازت دے دی گئی۔
جہاں تک یاد پڑتا ہے حضرت شیخ الہند مولانا محمود حسن رحمۃ اللہ علیہ ہی سے یہ بات فقیر نے سنی تھی۔ فرماتے تھے کہ حجرہ بند کردیا گیا‘ ہم طلبہ باہر تھے‘ دونوں میں گفتگو ہونے لگی‘ ہماری طالب علمی کا زمانہ تھا‘ بے اختیار جی چاہا کہ اس گفتگو کو کسی طرح سننا چاہیے (میں اسی دروازے سے لگ کر بیٹھ گیا جس کے متصل ہی اندر یہ حضرات بیٹھے تھے) حضرت والا نے مولانا سے فرمایا کہ دیکھئے جس مسئلہ میں بھی گفتگو فرمانی ہو اس میں دو باتوں کا خیال رکھئے۔
ایک یہ کہ مسئلہ زیربحث حنفیہ کا مذہب بیان فرمانا آپ کا کام ہوگا اور دلائل بیان کرنا میرا کام ہوگا۔ دوسرے یہ کہ میں مقلد امام ابو حنیفہ ؒ کا ہوں ‘ اس لیے میرے مقابلہ میں آپ جو قول بھی بطور معارضہ پیش کریں وہ امام ہی کا ہونا چاہیے۔ یہ بات مجھ پر حجت نہ ہوگی کہ شامی نے یہ لکھا ہے اور صاحب در مختار نے یہ فرمایا ہے‘ میں ان کا مقلد نہیں۔ چنانچہ فاتحہ خلف الامام رفع یدین‘ آمین بالجہر وغیرہ بہت سے مختلف فیہ مسائل زیرگفتگو آئے اور حسب شرائط طے شدہ مولانا محمد حسین صاحب مذہب احناف بیان فرماتے اور حضرت والا دلائل سے اسے ثابت کرتے۔ حضرت کی تقریروں کے درمیان مولانا محمد حسین صاحب جھوم جھوم جاتے اور بعض اوقات تو جوش میں سبحان اللہ ‘ سبحان اللہ کہتے کہتے کھڑے ہونے کے قریب ہوجاتے۔ جب گفتگو ختم ہوچکی تو (محمد طیب) مولوی محمد حسین صاحب کی زبان سے بے ساختہ یہ فقرہ نکلا کہ
’’مجھے تعجب ہے کہ آپ جیسا شخص اور مقلد ہو یعنی بایں زور علم و فراست و قوت استنباط تقلید کے کیا معنی ؟‘‘جواب میں حضرت شیخ الہند ؒ کہتے تھے میں نے سنا حضرت والا ارشاد فرمارہے ہیں:’’اور مجھے تعجب ہے کہ آپ جیسا شخص اور غیرمقلد ہو (یعنی مدعی اجتہاد ہو)۔

Most Viewed Posts

Latest Posts

صحابہ رضی اللہ عنہم معیارِ حق

صحابہ رضی اللہ عنہم معیارِ حق حکیم الاسلام حضرت مولانا قاری محمد طیب صاحب رحمہ اللہ فرماتے ہیں:۔۔’’حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے عقیدہ و عمل کو اپنے عقیدہ و عمل کے ساتھ ضم کر کے انہیں معیار حق فرمایا اور اعلان فرمایا کہ ’’سنن نبوت اور سنن...

read more

اَسلاف کے مسلک پر استقامت

اَسلاف کے مسلک پر استقامت حضرت مولانا سرفراز خان صفدررحمہ اللہ نے حضرت سید نفیس الحسینی رحمہ اللہ کے انتقال پُرملال کے موقع پر جو کلمات ارشاد فرمائے وہ ہم سب کیلئے بالعموم اور سلسلہ نفیسیہ کے احباب کیلئے بالخصوص مینارۂ نور ہیں۔حضرت اقدس سید انور حسین شاہ نفیس رقم کی...

read more

فتویٰ کے معاملے میں خصوصی مذاق کی چند باتیں

فتویٰ کے معاملے میں خصوصی مذاق کی چند باتیں اب میں حضرت والد صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے مذاق فتویٰ کے بارے میں آپ ہی سے سنی ہوئی چند متفرق باتیں عرض کرنا چاہتا ہوں۔۔۔ حضرت والد صاحب رحمۃ اللہ علیہ اکثر فرمایا کرتے تھے کہ محض فقہی کتابوں کی جزئیات یاد کرلینے سے انسان فقیہ...

read more