اختلاف اہل علم میں طبائع کا اثر
حکیم الامت تھانوی رحمہ اللہ نے فرمایا امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ نے جو پانی کے باب میں تنگی کی ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کے مقام پر پانی کثرت سے موجود تھا دجلہ فرات بہتے تھے پس انہوں نے خوب دل کھول کر شرطیں لگائیں امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ چونکہ مکہ معظمہ میں تھے اور وہاں پانی کی قلت ہے اس لیے انہوں نے تنگی اس قدر نہیں کی بلکہ آسانی نکال دی امام مالک رحمۃ اللہ علیہ چونکہ مدینہ منورہ میں تھے اور وہاں اور بھی زیادہ پانی کی تکلیف تھی اس لیے انہوں نے اور بھی زیادہ آسانی کردی اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اختلاف اجتہاد میں بھی طبیعت کا اثر دخیل ہے کہ اپنے اپنے مقام کے لحاظ سے طبائع پر اثر پکڑ کر مختلف افعال ظاہر ہوئے اسی پر مشائخ کے اختلاف کو قیاس کر لینا چاہیے افعال کے اختلاف میں جو طبیعت کو دخل ہوتا ہے وہ اس قدر پوشیدہ ہوتا ہے کہ خود کو بھی محسوس نہیں ہوتا ( حسن العزیز)
