صحبت کے اثر سے متعلق سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم
حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے جو مسلمان لوگوں کے ساتھ مل جل کر رہتا ہے اور ان کی طرف سے پہنچنے والی تکلیفوں کو برداشت کرتا ہے وہ کہیں بہتر ہے اس شخص سے جو لوگوں سے الگ تھلگ رہتا ہے اور ان کی طرف سے پہنچنے والی تکلیفوں پر دل برداشتہ ہوتا ہے۔ (ترمذی شریف)
اسلام میں یہودی، مشرکین اور عیسائیوں سے دوستی کی ممانعت ہے۔ اس لیے اسلام اس بات پر زور دیتا ہے کہ ہمیشہ نیک اور صالح لوگوں کو ہی دوست بنایا جائے۔ دوستی میں اس بات کا خیال رکھنا بے حد ضروری ہے کہ جن لوگوں سے قلبی تعلق بڑھایا جارہا ہے، وہ دین اور اخلاق کے اعتبار سے آپ کے لیے کس حد تک مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: ’’آدمی اپنے دوست کے دین پر ہوتا ہے، اس لیے ہر آدمی کو غور کرلینا چاہیے کہ وہ کس سے دوستی کررہا ہے۔‘‘ (مشکوٰۃ شریف)
دوست کے دین پر ہونے کے معنی یہ ہیں کہ جب وہ دوست کی صحبت میں بیٹھے گا تو وہی جذبات اور خیالات اور وہی ذوق اور رُجحان اس میں بھی پیدا ہوگا جو دوست میں ہے اور پسند اور ناپسند کا وہی معیار اس کا بھی بنے گا جو اس کے دوست کا ہے۔ اس لیے دوست کے انتخاب میں انتہائی غور اور فکر سے کام لینا چاہیے اور قلبی لگاؤاس سے بڑھانا چاہیے جس کا ذوق اور رُجحان افکار و خیالات، دین اور ایمان کے تقاضوں کے مطابق ہوں۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے تاکید فرمائی کہ مؤمن ہی سے رشتہ محبت استوار کرو اور اس کے ساتھ اپنا کھانا پینا رکھو۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: مؤمن ہی کی صحبت میں رہو اور تمہارے دسترخوان پر پرہیزگار ہی کھانا کھائے۔
پانچ آدمیوں کی صحبت اختیار نہ کریں
امام حضرت جعفر صادق رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ پانچ آدمیوں کی صحبت اختیار مت کرو:۔
۔(۱) … ایک اس شخص کی صحبت جو جھوٹ بولتا ہو، تم جھوٹے کے فریب میں مت آنا وہ شراب کی مانند ہے دھوکا اس کی فطرت ہے۔
۔(۲) … دوسرے احمق کی صحبت کہ تم اس سے کوئی فائدہ نہیں اُٹھا سکتے، وہ تمہیں نفع پہنچانا چاہے گا اور حماقت سے نقصان پہنچا دے گا۔
۔(۳) … تیسرے بخیل کی صحبت کہ جب تمہیں اس کی سخت ضرورت ہوگی وہ تم سے قطع تعلق کرلے گا۔
۔(۴) … بزدل کی صحبت کہ یہ تمہیں دشمنوں کے نرغے میں دیکھ کر بھاگ جائے گا اور تمہاری مدد نہ کرنے میں اپنی عافیت سمجھے گا۔
۔(۵) … پانچویں فاسق کی صحبت کہ یہ شخص تمہیں ایک لقمہ تر بلکہ لقمہ سے کم کے عوض میں فروخت کرنے سے بھی گریز نہیں کرے گا، لوگوں نے عرض کیا کہ ایک لقمے سے کم کیا چیز ہوسکتی ہے؟ فرمایا! لقمے کی حرص کرنا اور پھر اس کا نہ ملنا۔
دو قسم کے لوگوں سے تعلق رکھنا
حضرت ابو سلیمان کا فرمان ہے کہ دو کے علاوہ کسی سے دوستی مت کرنا ، ایک اس شخص سے جس سے تم اپنے دُنیاوی معاملات میں فائدہ اُٹھاؤ، دوسرے اس شخص سے جس کے پاس بیٹھ کر تم اپنی آخرت سدھارو، ان کے علاوہ کسی شخص سے دوستی کرنا سراسر حماقت ہے۔ ( احیاء العلوم ج:۲)
اچھے اور برے دوست کی مثال
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اچھے اور برے دوست سے تعلق کی کیفیت کو ایک تمثیل میں یوں بیان فرمایا کہ اچھے اور برے دوست کی مثال مشک بیچنے والے اور بھٹی دھونکنے والے لوہار کی طرح ہے۔ مشک بیچنے والے کی صحبت سے تم کو کچھ فائدہ ضرور پہنچے گا یا مشک خریدو گے یا مشک کی خوشبو پاؤ گے لیکن لوہار کی بھٹی تمہارا جسم یا کپڑے جلا دے گی یا تمہارے دماغ میں اس کی بدبو پہنچے گی۔ (بخاری شریف)
اور ابوداؤد میں حدیث کے الفاظ اس طرح ہیں کہ نیک دوست کی مثال ایسی ہے کہ جیسے مشک بیچنے والے کی دُکان کہ اور کچھ فائدہ نہ بھی ہو تو خوشبو ضرور آئے گی اور برا دوست ایسا ہے جیسا بھٹی سے آگ نہ لگے تب بھی دھوئیں سے کپڑے تو ضرور کالے ہو جائیں گے۔
فائدہ:…حدیث مبارک میں برے دوست کی مثال لوہار کی بھٹی کی مانند بتائی گئی ، اگر آپ کی دوستی لوہار کے ساتھ ہو تو آپ جاکر دیکھئے کہ کوئلوں کی سیاہی ملے گی۔ اگر زیادہ قریب جاکر بیٹھیں گے تو دھواں ملے گا، اگر اور زیادہ قریب جاکر بیٹھیں گے تو آگ سے کپڑے جلیں گے۔
اور نیک دوست کی مثال عطار کی مانند ہے اس کے پاس جایئے، اوّل تو عطر کی خوشبو آئے گی اور اگر اچھا دوست ہوگا تو وہ عطر ہی دے دے گا۔ چنانچہ اگر فاسق کی دوستی ہوگی تو یقینا زہر ہوگی، آہستہ آہستہ انسان پر اس کا اثر ہونا شروع ہو جائے گا۔
انسان اپنے دوست کے دین پر ہوتا ہے
حدیث شریف میں آیا ہے کہ آدمی فطرۃً اپنے دوستوں ہی کے طریقے اختیار کرتا ہے۔ لہٰذا تم کو چاہیے کہ خوب دیکھ بھال کر کسی کو دوست بناؤ۔ (ابوداؤد شریف)
فائدہ:…حدیث میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے واضح کیا کہ دوستی کا اثر ہوتا ہے یعنی اگر دوست اچھا ہوگا تو اپنے دوست پر بھی اچھا اثر ڈالے گا اور اگر دوست برا ہوگا تو اثر بھی برا ڈالے گا۔
سنت والی زندگی اپنانے کے لئے ہماری ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر مطلوبہ کیٹگری میں دیکھئے ۔ اور مختلف اسلامی مواد سے باخبر رہنے کے لئے ویب سائٹ کا آفیشل واٹس ایپ چینل بھی فالو کریں ۔ جس کا لنک یہ ہے :۔
https://whatsapp.com/channel/0029Vb0Aaif4o7qSPFms4g1M
