قاضی شریح کی عدالت کا عجیب مقدمہ
ایک دفعہ حضرت علیؓ کی زرہ چوری ہوگئی تھی، آپ نے اس کو ایک یہودی کے پاس دیکھا۔۔۔ اس وقت آپ خلیفہ تھے، کہا کہ یہ زرہ میری ہے۔۔۔ یہودی نے کہا میری ہے۔۔۔ دیکھئے خلیفہ کے مقابلہ میں ایک رعیت کا آدمی کس بے باکی سے کہتا ہے کہ یہ میری چیز ہے یہ اسلام ہی کے قوانین کی وجہ سے اس کی جرات تھی کیوں کہ جانتا تھا کہ بادشاہ کے صرف کہنے سے یہ زرہ ان کی نہ ہوجائے گی۔۔۔ دیکھئے اسلام کی کتنی خوبی ہے کہ غیر قوموں کو بھی اس سے نفع ہوتا تھا اب تو یہ حال ہے کہ خود مسلمان بھی اس سے نفع نہیںلیتے۔۔۔
غرض آپ نے قاضی کے پاس جاکر دعویٰ کیا، اس وقت شریح تابعی قاضی تھے وہ آپ کے ماتحت تھے۔۔۔ اب دیکھئے ادھر آپ بادشاہ اور حضرت علی کے فضائل اور ان کی خصوصیتوں کو دیکھ کر کہیں یہ احتمال ہوسکتا ہے کہ آپ جھوٹ بول سکتے ہیں؟ ہرگز نہیں مگر اس کے باوجود حضرت شریح یہودی کے مقابلہ میں حضرت علیؓ سے پوچھتے ہیں کہ آپ کے پاس کوئی گواہ ہے؟۔۔۔ اب حضرت علیؓ کیا اگر ہم بھی ہوتے او ر ہمارا کوئی شاگرد یا مرید قاضی ہو اور وہ ہم سے گواہ طلب کرے تو کہتے کہ کیوں جی کیا ہم جھوٹ بولتے ہیں؟ مگر وہاں تو یہ بات نہ تھی وہ تو اسلامی قوانین کے پابند تھے۔۔۔ چنانچہ حضرت علی نے گواہ پیش کئے۔۔۔ ایک تو قنبر جو آپ کے آزاد شدہ غلام تھے، اور ایک آپ کے بیٹے، امام حسنؓ، قاضی شریح نے کہا کہ غلام آزاد شدہ کی تو شہادت معتبر ہے اور لڑکے کی شہادت باپ کے حق میں قبول نہیں ہے حضرت شریح کا مذہب یہی ہے کہ اولاد کی شہادت باپ کے حق میں مقبول نہیں۔۔۔ اس مسئلہ میں اختلاف ہے کہ اولاد کی شہادت معتبر ہے یا نہیں۔۔۔ حضرت علیؓ کا مذہب یہ تھا کہ معتبر ہے اس لئے ان کو پیش کیا، اور شریح کے نزدیک معتبر نہیں۔۔۔ اور قاضی فیصلہ کے وقت اپنے ہی مذہب پر عمل کرے گا، نہ کہ بادشاہ کے مذہب پر۔۔۔ اس لئے شریح نے حکم دیا کہ زرہ یہودی کی ہے۔۔۔ حضرت علی رضی اﷲ عنہ مقدمہ ہار کر عدالت سے ہنسی خوشی نکل آئے، کوئی تکدر اور رنج نہیں ہوا۔۔۔ یہودی نے دیکھا، کہ باوجود یکہ یہ بادشاہ ہیں مگر میرے مقابلہ میں ان کا لحاظ نہیں کیا گیا۔۔۔ اس نے کہا کہ اگر یہ مذہب سچ نہ ہوتا تو اس میں اتنی حقانیت وبرکت اور نورانیت نہ ہوتی، بس کلمہ، شہادت پڑھ کر کہا کہ حضور آپ ہی کی زرہ ہے۔۔۔ میں مسلمان ہوتا ہوں حضرت علی رضی اﷲ عنہ نے کہا کہ اب میں نے تم کوہبہ کردی۔۔۔ وہ حضرت علیؓ سے بیعت ہوگیا، اور جنگ صفین میں شہید ہوا۔۔۔ دیکھا آپ نے کہ ایک زرہ کے ادنی معاملہ نے کیا کیا۔۔۔
اگرآپ کو یہ واقعہ پسند آیا ہے تو اسکو شئیر ضرور کریں اور اس طرح کے دیگر اسلامی واقعات اور اولیاء اللہ کے حالات و تذکرے آپ ہمارے ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر بالکل مفت میں پڑھ سکتے ہیں ۔
تمام اسلامی مواد اور دیگر کیٹگریز کو دیکھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں
https://readngrow.online/readngrow-categories/
نیز ہم اس ویب سائٹ کی مفید چیزوں کو اس واٹس ایپ چینل پر بھی شئیر کرتے رہتے ہیں ۔
https://whatsapp.com/channel/0029VaviXiKHFxP7rGt5kU1H
یہ چینل فالو کرلیں ۔

