حضرت مُرشد عالَم رحمہ اﷲ کی صحت میں برکت
اﷲ رب العزت نے حضرت مُرشد عالَم حافظ غلام حبیب صاحب رحمۃ اﷲ علیہ کوایسی خوبصورتی اور صحت سے نوازا تھا کہ لاکھوں میں منفرد تھے۔ چہرہ مبارک اس قدر نورانی کہ جو ایک بار دیکھتا وہ دیکھتا ہی رہ جاتا۔ تقریباً نوے سال کی عمر ہوچکی تھی مگر دندان مبارک ٹھیک تھے۔
ایک مرتبہ فقیر نے ایک نرم روٹی کھانے کے لئے پیش کی تو فرمانے لگے کہ میرے دانتوں کو کیا ہے؟ مجھے سخت روٹی کھانے کے لئے دیا کرو۔ جب کسی کی طرف سے کوئی خط موصول ہوتا تو آپ عینک اتار کر اس کو پڑھا کرتے تھے۔
نزدیک کی بینائی آخر عمرتک ٹھیک رہی۔ سماعت اتنی اچھی تھی کہ کمرے میں بیٹھا کوئی شخص سرگوشی کے انداز میں بات کرتا تو بھی سن لیا کرتے تھے۔ جسم میں طاقت اتنی تھی کہ ہم جیسے لوگ جب انہیں سیڑھی چڑھتے سہارا دیتے تو بچے لگ رہے ہوتے تھے۔ آپ کی قوت و طاقت کو دیکھ کر بے اختیار حضرت موسیٰ کلیم اﷲ کی شخصیت سامنے آ جاتی تھی۔
ایک مرتبہ مری میں قرأت کانفرنس ہوئی۔ پورے ملک کے ممتاز قرأ اس میں شامل ہوئے رمضان المبارک کا مہینہ تھا۔ حضرت مُرشد عالَم رحمۃ اﷲ علیہ نے روزہ افطار کر کے وضو کیا اور مسجد میں تشریف لے گئے۔ عشاء کی نماز اور تراویح ادا کیں۔ پھر محفل قرأت منعقد ہوئی۔ اسی حال میں سحری کا وقت ہو گیا۔ انتظامیہ نے سب لوگوں کے لئے مسجد میں ہی سحری کا انتظام کیا ہوا تھا۔
چنانچہ حضرت مُرشد عالَم رحمۃ اﷲ علیہ نے کھانا تناول فرمایا سب لوگ سحری کے بعد وضو تازہ کرکے آئے جب حضرت مُرشد عالَم سے پوچھا گیا کہ حضرت فجر کی اذان ہو چکی آپ تازہ وضو فرمائیں گے تو جواب میں فرمایا ’’ میرا وضو کوئی کچا دھاگہ تو نہیں ہے ‘‘ اس کے بعد آپ نے فجر کی نماز ادا کی پھر درس قرآن دیا۔
آخر میںاشراق کے نوافل پڑھ کر کمرے میں واپس تشریف لائے اور وضو تازہ کیا۔ نوے سال کی عمر میں شوگر کی بیماری کے باوجود مغرب کے وضو سے اشراق کی نماز ادا کرنا صحت کی برکت نہیں تو اور کیا ہے۔
حضرت مُرشد عالَم رحمۃ اﷲ علیہ سے فقیر نے اس کا راز پوچھا تو فرمایا کہ ایک مرتبہ مجھے لیلۃ القدر نصیب ہوئی میں نے اس رات میں عمر میں برکت مانگی۔ یہ سب اس کے ثمرات ہیں
اگرآپ کو یہ واقعہ پسند آیا ہے تو اسکو شئیر ضرور کریں اور اس طرح کے دیگر اسلامی واقعات اور اولیاء اللہ کے حالات و تذکرے آپ ہمارے ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر بالکل مفت میں پڑھ سکتے ہیں ۔
تمام اسلامی مواد اور دیگر کیٹگریز کو دیکھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں
https://readngrow.online/readngrow-categories/
نیز ہم اس ویب سائٹ کی مفید چیزوں کو اس واٹس ایپ چینل پر بھی شئیر کرتے رہتے ہیں ۔
https://whatsapp.com/channel/0029VaviXiKHFxP7rGt5kU1H
یہ چینل فالو کرلیں ۔

