ویڈیو لیک کرنے والے …. آخرت میں اپنا انجام یاد رکھیں (314)۔
آج کل میڈیا پر کوئی بھی چیز اتنی تیزی سے پھیلتی ہے کہ اسکے نقصانات منٹوں اور سیکنڈوں میں سامنے آتے ہیں ۔ ماضی قریب میں ایک بہت بڑے ٹیلیویژن شخصیت کی شادی ہوئی ۔ اور کسی آپسی جھگڑے میں اُنکی بیوی نے اُنکی نازیبا ویڈیو پھیلا دی۔ اگرچہ بیوی کا ارادہ کچھ بھی ہو لیکن اُس شخص کی زندگی ختم ہوگئی ۔ چند ہی عرصہ بعد وہ فوت ہوگیا ۔
تو دوستو! یہ عزتیں اُچھالنے کا جو ٹرینڈ چل پڑا ہے یقین جانئے کہ دین اسلام میں اسکی کوئی جگہ نہیں ہے ۔ مسلمان ایسا نہیں ہوسکتا جو کسی کی عزت اچھالے۔ بلکہ مسلمان تو وہ ہوتے تھے جو کسی ماں بہن یا بیٹی کو بغیر ڈوپٹہ کے دیکھ لیتے تو اُسکو اپنی چادر دے دیا کرتے تھے تاکہ وہ اپنا سر ڈھانپ لے ۔ مسلمان اتنے غیرت مند اور باحیا ہوتے تھے کہ دشمن کی خواتین کو بھی ننگے سر نہ دیکھتے تھے بلکہ اُنکو بھی چادر پہناتے تھے کہ خواتین کی عزت ہوتی ہے خواہ وہ کسی بھی گروہ کی ہوں اور خواہ وہ دشمن کی ہی ہوں۔
مگر یہ آج کل جو ٹرینڈ چل گیا ہے کہ عزت محفوظ کرنےاور لوگوں کے عیب چھپانے کی بجائے اُنکو اُچھالنے کی تگ و دو میں لگ جاتے ہیں۔ اگر کسی لڑکی کی نازیبا ویڈیو سامنے آجائے تو بعض اوباش نوجوان اُسکو خوب پھیلاتے ہیں ۔ نعوذباللہ
شروعات میں بھی مجھے اس طرح کی باتیں لکھتے ہوئے شرم آڑے آتی تھی کہ کس طرح میں یہ بات لکھ سکتا ہوں کہ ایک مسلمان معاشرے میں لڑکیوں کی نازیبا اور حیا فاش ویڈیوز کو باقاعدہ طور پر پھیلایا جاتا ہے ۔ اُسکے اعلانات لگائے جاتے ہیں اور دوستوں کو بتایا جاتا ہے کہ فلاں ٹک ٹاکر، یوٹیوبر یا فلاں مشہور لڑکی کی ویڈیو میں نے دیکھی ہے ۔
ذرا اس چیز پر غور کریں کہ آپ کے بھی تو پردے رکھے ہوئے ہیں اُس خالق و مالک رب تعالیٰ نے ۔ یہ جتنے بھی لوگ باہر سڑکوں پر اور ہجوم میں نظر آتے ہیں کسی ایک کا بھی اگر اعمالنامہ ظاہر کردیا جائے تو کسی کی عزت باقی نہ رہے ۔
تو اس صورتحال میں کیسے ہم لوگ دوسروں کے عیب اچھالتے ہیں ۔ دوسروں کی عزت اچھالتے ہیں۔ اور دوسروں کی نازیبا ویڈیوز کو آگے بھیجتے ہیں ۔
ایک بات یاد رکھیں !۔
کچھ لوگ وہ ہوتے ہیں جو بے حیائی کے کام کرتے ہیں اور دوسرے نمبر پر وہ لوگ جو بے حیائی کے کاموں کو آگے پھیلاتے ہیں ۔ ایسے تمام لوگوں کے لئے دردناک عذاب ہوگا ۔ جس شخص کی ویڈیو پھیلائی جارہی اُسکی زندگی کو تباہ کرنے کا وبال اِن پر پڑے گا۔ فوراً نہ سہی لیکن بالآخردنیا میں بھی اُنکی رسوائی ہوگی اور آخرت میں بھی ہوگی ۔
خدارا! اس روش کو بدلیں اور یہ الفاظ یاد رکھیں کہ اگر آج کسی اور شخص کی بیٹی کی عزت کو آپ نے اچھالا تو ….کل کو یہ وقت آپ پر بھی آسکتا ہے
نوٹ : یہ ’’آج کی بات‘‘ ایک بہت ہی مفید سلسلہ ہے جس میں حذیفہ محمد اسحاق کی طرف سے مشاھدات،خیالات اور تجربات پر مبنی ایک تحریر ہوتی ہے ۔ یہ تحریر ہماری ویب سائٹ
Visit https://readngrow.online/ for FREE Knowledge and Islamic spiritual development.
پر مستقل شائع ہوتی ہے ۔ ہر تحریر کے عنوان کے آگے ایک نمبر نمایاں ہوتا ہے ۔ جس اسکی قسط کو ظاہر کرتا ہے کہ یہ کون سی قسط ہے ۔ پچھلی قسطیں بھی ہماری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں ۔ اگر کوئی پیغام یا نصیحت یا تحریر آپکو پسند آتی ہے تو شئیر ضرور کریں ۔ شکریہ ۔
مزید اپڈیٹس کے لئے ہمارے واٹس ایپ چینل کو ضرور فالو کریں
https://whatsapp.com/channel/0029Vb0Aaif4o7qSPFms4g1M

