حکیم الامت رحمہ اللہ کا انداز نصیحت
حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانوی رحمتہ اللہ علیہ ایک مرتبہ کالپی تشریف لے گئے وہاں ایک شخص نہایت صاف ستھرا اجلے کپڑے پہنے ہوئے تھا ۔جامع مسجد میں نماز کو آیا اس کے گائوں والوں سے معلوم ہوا کہ یہ پہلے بھنگی تھا اب مسلمان ہوگیا ہے لیکن وہاں کے چوہدری ساتھ کھلانا پلانا تو درکنار اس کے ہاتھ کا برتن بھی نہیں لیتے ۔وہاں جلسہ تھا اس میں وہ بھی موجود تھا اور وہاں کے رئیس بھی جمع تھے ۔بعض لوگوں نے حضرت تھانوی رحمہ اللہ سے خواہش کی کہ آپ اس موقع پر ان لوگوں کو سمجھا دیں کہ ایسا پرہیز نہ کیا کریں ۔اس کی سخت دل شکنی ہے ۔حضرت نے دل میں سوچا کہ نرے سمجھانے سے کچھ کام نہ نکلے گا سمجھانے سے تو اس وقت ہاں ہاں کہہ دیں گے پھر بعد کو کون پرواہ کرتا ہے ۔حضرت تھانوی رحمہ اللہ نے ایک بدھنے میں پانی منگوایا جب پانی آگیا تو حضرت تھانوی رحمہ اللہ نے اس نو مسلم سے فرمایا کہ ٹونٹی سے منہ لگا کر پانی پیئو پھر بدھنا ۔اس کے ہاتھ سے لے کر خود بھی ٹونٹی ہی سے منہ لگا کر اس کے بچے ہوئے پانی میں سے پیا پھر آپ نے سب سے فرمایا کہ سب لوگ پانی پئیں اور اس وقت سوا مان لینے کے کسی سے کوئی عذر نہ بن پڑا سب نے جیسے تیسے پانی پیا اور پھر حضرت نے فرمایا کہ دیکھو بھائی اب اس سے پرہیز نہ کرنا کہنے لگے اجی بس اب منہ ہی کیا رہا پرہیز کرنے کا آپ کی ترکیب ہی ایسی ہے کہ ہمارا سارا دھرم ہی لے لیا اب آپ اطمینان رکھیں اب ہم اسے اپنے ساتھ کھلائیں پلائیں گے ۔اس سے پرہیز ہی کیا رہ گیا جب اس کا جھوٹا پانی ہی آپ نے پلوادیا ۔
فائدہ: یہ توحیدہی کی برکت ہے کہ ایک شخص بھنگی ہے ۔یا چمار ہے وہ مسلمان ہوگیا تو آج تمام مسلمان اس کو اپنا بھائی سمجھتے ہیں اور اس کو اپنے ساتھ بٹھلا کر کھلاتے ہیں ۔ورنہ ساری قومیں ایسے شخص کو اپنے سے گھٹیا اور ذلیل سمجھتی ہیں (حکیم الامت کے حیرت انگیز واقعات)
اگرآپ کو یہ واقعہ پسند آیا ہے تو اسکو شئیر ضرور کریں اور اس طرح کے دیگر اسلامی واقعات اور اولیاء اللہ کے حالات و تذکرے آپ ہمارے ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر بالکل مفت میں پڑھ سکتے ہیں ۔
تمام اسلامی مواد اور دیگر کیٹگریز کو دیکھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں
https://readngrow.online/readngrow-categories/
نیز ہم اس ویب سائٹ کی مفید چیزوں کو اس واٹس ایپ چینل پر بھی شئیر کرتے رہتے ہیں ۔
https://whatsapp.com/channel/0029VaviXiKHFxP7rGt5kU1H
یہ چینل فالو کرلیں ۔

