ایک نواب کی کمال سخاوت
ایک غریب آدمی ایک بادشاہ کے دربار میں حاضر ہوا۔ وہ شکل صورت سے کسی اچھے خاندان کا فرد معلوم ہوتا تھا۔ اس نے اپنا حال زار بیان کرتے ہوئے کہا:۔
’’ یہ بات سرکار کی شان کے خلاف ہوگی کہ میں اپنا حسب نسب بیان کروں، ویسے بھی ابر کرم کو اس سے غرض نہیں ہوتی کہ وہ کھیتوں پر برس رہا ہے یا پہاڑیوں کی چٹانوں پر۔ میں ایک ضرورت مند ہوں۔ میری تین بیٹیاں ہیں، ان کی شادی کی عمریں تیزی سے گزرتی جارہی ہیں۔
بادشاہ نے اس آدمی کو ایک لاکھ روپے کا عظیم عطیہ دینے کا حکم دیا۔ایسے موقع پر خوشامدی اور نکمے درباریوں کو بہت تکلیف پہنچی، ایک لاکھ روپے کا سن کر وہ بری طرح جل اٹھے۔ آخر افسر خزانہ اور دوسرے مصاحبوں نے آپس میں مشورہ کرکے ایک منصوبہ تیار کیا۔ خزانے سے ایک لاکھ روپے کی رقم نکال کر اس راستے پرڈھیر کردی جہاں سے بادشاہ کا گزر ہوتا ہے۔ کسی نے اس تماشے کا سبب پوچھا، تو کہا گیاکہ شاید بادشاہ صاحب نے اپنی آنکھ سے ایک لاکھ روپے نہیں دیکھے۔ اگر وہ ایک بار بھی چاندی کے سکوں کے سوا گز چوڑے، سوا گز لمبے اور سوا گز اونچے چبوترے کو دیکھ لیتے تو اتنی بے دردی سے شاہی خزانے کو نہ لٹاتے۔ ہم آج سرکار کو یہی دکھانا چاہتے ہیںکہ وہ اپنے ہونٹوںکی ایک حرکت سے جو چیز لوگوں کو بخش دیتے ہیں، اس کی عملی شکل کیا ہوتی ہے۔ تمام حاسدوں نے منصوبے کی بہت تعریف کی اور اس عجیب و غریب تماشے کا انجام دیکھنے کے لئے رک گئے۔‘‘۔
دربار ختم ہوا، بادشاہ سلامت دربار ہال سے نکل کر ایوان خاص کی طرف بڑھے۔ اچانک ان کی نظر روپوں کے ڈھیر پر پڑی ، چونک کر رکے اور افسر خزانہ سے پوچھنے لگے کہ یہ کیا ہے؟ اس نے بتایا کہ آج سرکار نے ایک شخص کو ایک لاکھ روپے عنایت کرنے کا حکم دیا ہے، یہ وہی رقم ہے، جو خزانے سے نکالی جارہی ہے۔ نواب صاحب چند لمحوں تک چاندی کے اس انبار کو دیکھتے رہے اورپھر شرمندگی کے انداز میں بولے:۔
۔’’ ہم تو سمجھے تھے کہ ایک لاکھ روپے بہت زیادہ ہوتے ہیں ، مگر آج اپنی غلطی کا احساس ہوا ، خیر ابھی وقت ہے، اس شخص کو مزید ایک لاکھ روپے دیدو، کیونکہ اس کی ضرورت زیادہ ہے اور روپے کا ڈھیر کم۔‘‘یہ کہہ کر وہ اپنے ایوان خاص میں داخل ہوگئے حاسدوں کا شرم کے مارے برا حال ہوگیا اور وہ اپنی نظر میں گر گئے۔یہ بادشاہ تھے ریاست اودھ کے نواب آصف ا لدولہ جو اپنی سخاوت کے لئے مشہورتھے۔(یادگار واقعات)
اگرآپ کو یہ واقعہ پسند آیا ہے تو اسکو شئیر ضرور کریں اور اس طرح کے دیگر اسلامی واقعات اور اولیاء اللہ کے حالات و تذکرے آپ ہمارے ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر بالکل مفت میں پڑھ سکتے ہیں ۔
تمام اسلامی مواد اور دیگر کیٹگریز کو دیکھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں
https://readngrow.online/readngrow-categories/
نیز ہم اس ویب سائٹ کی مفید چیزوں کو اس واٹس ایپ چینل پر بھی شئیر کرتے رہتے ہیں ۔
https://whatsapp.com/channel/0029VaviXiKHFxP7rGt5kU1H
یہ چینل فالو کرلیں ۔

