ایک بادشاہ اور فقیر کی حکایت
حکیم الامت حضرت تھانوی رحمہ اللہ فرماتے ہیں ۔۔۔ ایک بادشاہ ایک فقیر کے معتقد تھے اور ا ن کی خدمت میں جایا کرتے تھے اور ہمیشہ دیکھتے تھے کہ وہ فقیر ایک گولی روز کھاتے ہیں۔۔۔ بادشاہ نے ایک دن پوچھا کہ حضرت یہ گولی کیسی ہے؟ فقیر نے ایک گولی بادشاہ کو بھی دے دی۔۔۔ بادشاہ نے وہ گولی کھا لی۔۔۔ اس کے سبب شہوت اس قدر ہوئی محل میں جس قدر بیبیاں ۔۔۔ لونڈیاں تھیں سب سے قربت کی، لیکن ان سے بھی تسلی نہ ہوئی۔۔۔ بادشاہ کے دل میں وسوسہ گزرا کہ میں نے یہ گولی آج ہی کھائی ہے میری یہ حالت ہوئی اور یہ فقیر روزانہ کھاتا ہے معلوم ہوتا ہے کہ اس کے پاس عورتیں آتی ہیں اور اس وسوسہ نے اس کو زیادہ پریشان کیا۔۔۔ ان بزرگ کو بذریعہ کشف اس خطرہ کی اطلاع ہوئی۔۔۔ جب دوسرے روز بادشاہ آئے تو چاہا ایک تدبیر لطیف سے اس کا وسوسہ زائل کریں۔
چنانچہ اس فقیر نے یہ بات کہی کہ ہم کو یہ بات معلوم ہوئی ہے کہ تمہاری موت قریب ہے۔ چالیس دن کے اندر اندر تم مر جائو گے۔۔۔ یہ بات سن کر بادشاہ کا رنگ فق ہو گیا اور چہرہ پر ہوائیاں اڑنے لگیں۔ ہاتھ پائوں میں سنسناہٹ پیدا ہو گئی اور جھرنا شروع ہو گیا۔ فرمایا کہ گھبرانے کی کوئی بات نہیں، مرنا تو ایک دن ہے ہی، اب تم کو چاہئے کہ اپنا انتظام کر لو۔۔۔ اہل حقوق کے حقوق ادا کر دو اور خود گوشہ نشین ہو کر اللہ کی یاد کرو اور یہ گولیاں کھا لیا کرو۔ ان سے عبادت کی طاقت رہے گی۔۔۔ بادشاہ وہاں سے اٹھ کر قلعہ میں آئے ، وزراء امراء کو بلا کر جملہ امور سلطنت کا انتظام کیا۔ ولی عہد کو سلطنت سپرد کر کے خود ایک حجرے میں بیٹھ گئے۔۔۔ جب چالیس روز گزر گئے اور مرے نہیں تو خوش ہوئے لیکن حیرت اور تعجب ہوا کہ شاہ صاحب نے تو پیشین گوئی کی تھی یہ بات کیا ہے، خوش خوش فقیر کے پاس گئے اور عرض کیا کہ حضرت موت تو نہیں آئی۔ فرمایا کہ گولیاں کھائیں ۔۔۔ کہا کہ کھائیں۔۔۔ پوچھا کچھ اثر انہوں نے کیا ؟ کہا اثر کیا کرتیں۔۔۔ موت تو سامنے کھڑی رہتی تھی۔ فرمایا کہ تم کو تو موت میں چالیس روز کی مہلت بھی تھی باوجود اس مہلت کے تم کو کچھ اثر نہیں کیا اور فقیر کو تو ایک گھڑی کی بھی توقع نہیں۔۔۔ پھر مجھ پر ان گولیوں کا کیا اثر ہوتا۔ تو تمہارا وہ گمان کیسے ہو سکتا ہے بادشاہ اپنے وسوسہ پر شرمندہ اور نادم ہوا اور معذرت کی۔(خطبا ت حکیم الامت ج ۲۴)
اگرآپ کو یہ واقعہ پسند آیا ہے تو اسکو شئیر ضرور کریں اور اس طرح کے دیگر اسلامی واقعات اور اولیاء اللہ کے حالات و تذکرے آپ ہمارے ویب سائٹ
https://readngrow.online
پر بالکل مفت میں پڑھ سکتے ہیں ۔
تمام اسلامی مواد اور دیگر کیٹگریز کو دیکھنے کے لئے یہ لنک وزٹ کریں
https://readngrow.online/readngrow-categories/
نیز ہم اس ویب سائٹ کی مفید چیزوں کو اس واٹس ایپ چینل پر بھی شئیر کرتے رہتے ہیں ۔
https://whatsapp.com/channel/0029VaviXiKHFxP7rGt5kU1H
یہ چینل فالو کرلیں ۔

